شہبازشریف کا ملک میں بڑے پیمانے پر پبلک ورکس پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ
فائل فوٹولاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے ملک میں بڑے پیمانے پر پبلک ورکس پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ کردیا۔
قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سڑکیں، اسکول، کلینک، گودام اور نہروں کوپختہ بنانے کے منصوبے شروع کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،حکومت نے پھر غلط فیصلہ کیا اور پی۔ایس۔ڈی۔پی‘ میں اضافے کی بجائے گزشتہ برس سے بھی کم بجٹ رکھا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ ملک میں نئے منصوبے شروع کرکے معاشی سرگرمیاں بڑھائی جا سکتی ہیں ،حکومت انکم ٹیکس میں کمی کا جراتمندانہ اقدام کرکے عوام کا بوجھ کم کرے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کا مزیدکہنا تھا کہ سی پیک کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے کی اپ گریڈیشن کیلئے مختص رقم سے یہ منصوبہ اب اگلے 200 سال میں بھی مکمل نہیں ہوگا،جس کی ذمہ دارخود حکومت ہے۔
شہبازشریف کاکہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ٹیکس وصولی سالانہ 14.5 فیصد کے مجموعی شرح پر رکھی تھی پی ٹی آئی ان کی بنائی ہوئی پالیسی پر چلتی تو اس سال 5000 ارب ٹیکس جمع ہوتا، حکومت عوام سے وسائل لینے کے بجائے انہیں وسائل اور ریلیف دینے کی پالیسی اپنائے۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ ملکی معیشت چلانے کیلئے شرح سود فی الفور کم کرکے 6 فیصد کی جائےاور سرکاری ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیرات کا آغاز کیاجائے تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔